یو این آئی
نئی دہلی//زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان نے پیر کے روز پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا سے متعلق کسانوں کو درپیش مشکلات اور بیمہ دعووں میں پائی جانے والی شکایات کے ازالے کے لیے یہاں ایک اعلی سطحی میٹنگ کی اور تمام بے ضابطگیوں کو دور کرنے کے احکامات دئے۔میٹنگ کے دوران چوہان نے مہاراشٹر کے چند کسانوں کو آن لائن جوڑ کر ان کی بات سنی اور متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ایک یا تین روپے کا فصل بیمہ کلیم دینا ایک مذاق ہے اور حکومت ایسا نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے بیمہ کمپنیوں اور افسران کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو بیمہ کی پوری رقم جلد اور ایک ساتھ ملنی چاہیے اور فصل کے نقصان کا تخمینہ ایک درست اور شفاف نظام کے ذریعے لگایا جانا ضروری ہے۔ اگر ضرورت پڑے تو یوجنا کے ضوابط میں تبدیلی کی جائے گی۔مرکزی وزیر نے پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے سی ای او کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کی شکایات کی موقع پر جا کر مکمل جانچ کریں اور پتہ لگائیں کہ آخر اتنے کم بیمہ دعوے کیوں دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بیمہ کمپنیوں کو یہ بھی حکم دیا کہ نقصان کے سروے کے وقت کمپنی کا نمائندہ موقع پر موجود رہے، تاکہ کسی قسم کی گڑبڑی نہ ہو اور کسان کو اس کا حقیقی کلیم مل سکے۔میٹنگ میں یہ بات سامنے آئی کہ بعض ریاستیں اپنے حصے کی سبسڈی رقم یا تو دیر سے جمع کرتی ہیں یا مہینوں تک جمع نہیں کرتیں۔ اس پر مسٹر چوہان نے کہا کہ تمام ریاستوں سے رابطہ قائم کر کے ان کی رقم وقت پر جمع کرائی جائے، تاکہ فصل کے نقصان کی صورت میں متاثرہ کسانوں کو ان کے بیمہ دعوے کی رقم وقت پر مل سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جو ریاستیں لاپرواہی برت رہی ہیں، ان سے 12 فیصد سود وصول کیا جائے، جیسا کہ مرکز نے کسانوں کے مفاد میں بڑا نظم رکھا ہے۔