اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے گاؤں ڈھوسہ میں اتوار کو ایک رہائشی مکان منہدم ہونے سے 5افراد زخمی ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اتوار کی صبح بھلیسہ کے گاؤں ڈھوسہ میں شیو کمار ولد مان سنگھ کا رہائشی مکان کی چھت اچانک گر گئی جس کی زد میں شیو کمار، اس کی اہلیہ و تین بچے آئے۔اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور امدادی کاروائی شروع کی اور زخمیوں کو نزدیکی طبی سینٹر میں منتقل کیا گیا۔اس حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کی شناخت شیو کمار، ممتا دیوی، نیرج کمار، دھیرج کمار و روی کماری کے طور پر ہوئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ یہ مکان گذشتہ ماہ کی بارشوں میں ناقابل رہائش بن گیا تھا۔