عظمیٰ نیوز سروس
سرنکوٹ//مرکزی امام بارگاہ سرنکوٹ میں حسینی ڈے کی روح پرور تقریب نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں ضلع پونچھ کے مختلف علاقوں سے مؤمنین، علمائے کرام اور عاشقانِ امام حسین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یہ تقریب انجمن جعفریہ سرنکوٹ و مینڈھر کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی، جس میں سب ڈویژن مینڈھر، پونچھ منڈی، لورن، بفلیاز اور دیگر قریبی علاقوں سے بھی زائرین و عقیدت مند شریک ہوئے۔ اس موقع پر امام بارگاہ کی فضا ’یا حسین ‘کے نعروں اور ذکرِ شہادتِ امام عالی مقام سے گونج اٹھی۔تقریب کی صدارت معروف عالمِ دین مولانا امیر حمزہ نے کی، جو خصوصی طور پر مالیگاؤں (مہاراشٹر) سے تشریف لائے تھے۔ انہوں نے اپنے ایمان افروز خطاب میں فلسفہ شہادتِ امام حسین پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’کربلا کا پیغام حق و صداقت، عدل و انصاف اور انسانیت کی بقا کا پیغام ہے‘۔مولانا نے کہا کہ امام حسین نے ظلم و جبر کے نظام کے خلاف قیام کرکے امتِ مسلمہ کو یہ درس دیا کہ ’حق کے دفاع میں سر کٹایا جا سکتا ہے مگر باطل کے آگے سر نہیں جھکایا جا سکتا‘۔پروگرام کے دوران ڈاکٹر ممتاز حسین بخاری نے بھی خطاب کیا اور حسینی مشن کی عالمگیر اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو پیغامِ کربلا سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ معاشرے میں اخلاقی و روحانی بیداری پیدا کی جا سکے۔اسی طرح ریٹائرڈ پرنسپل شبیر حسین شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حسینی ڈے محض ایک یادگار دن نہیں بلکہ عہدِ نو کی تجدید کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن ہم امام حسین کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے، سچائی، قربانی اور انسانیت کے فروغ کا عزم کرتے ہیں۔تقریب میں ضلع بھر کی مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی، جن میں شیعہ فیڈریشن کے صدر، جنرل سیکریٹری، اور دیگر نمائندے شامل تھے۔ مقررین نے انجمن جعفریہ سرنکوٹ و مینڈھر کے منتظمین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور تنظیمی نظم و ضبط کے باعث یہ روحانی اجتماع نہایت کامیاب اور بابرکت ثابت ہوا۔آخر میں امام بارگاہ کی فضا ’لبیک یا حسین‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ شرکاء نے امامِ عالی مقام کی بارگاہ میں عقیدت و وفا کے پھول نچھاور کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ پروگرام کے اختتام پر مؤمنین کے لئے لنگر حسینی کا خصوصی انتظام کیا گیا، جس سے تمام شرکاء نے استفادہ حاصل کیا۔