عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بمنہ میں جے وی سی ہسپتال کے قریب بجری مکسچر کی زد میں آکر ایک مزدور کی موت ہوگئی۔حکام نے بتایا کہ مزدور، جس کی شناخت 45 سالہ غلام نبی ساکن کھڈی بانہال کے طور پر ہوئی ہے، اس واقعے میں شدید زخمی ہوا۔ انہیں فوری طور پر جے وی سی ہسپتال، بمنہ منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ ان کے سر میں شدید چوٹ آئی ہے۔ہنگامی علاج کے باوجود غلام نبی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔ادھر اتوار کی سہ پہر سری نگر کے پادشاہی باغ علاقے سے ایک نامعلوم لاش برآمد ہوئی۔ایک اہلکار نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے پادشاہی باغ کے چنپوہ گراؤنڈ کے قریب ایک کھلے علاقے میں ایک لاش پڑی دیکھی اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو برآمد کر لیا، انہوں نے مزید کہا کہ متوفی کی شناخت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاش کو طبی قانونی کارروائیوں کے لیے ہسپتال لے جایا گیا ہے۔ اس دوران تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔