عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتے کے روز کہا کہ چاہے حالات کیسے بھی ہوں، علم، امن اور عزم کا سفر کبھی رکنا نہیں چاہیے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نظم و ضبط اور عزم کے ساتھ ایک متحد اور ترقی یافتہ قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کشمیر یونیورسٹی کے کنونشن ہال میں منعقدہ بین الاقوامی سیمینار رThe Legacy of Dr. Rahi Masoom Razaسے خطاب کر رہے تھے، جو معروف ادیب، شاعر اور مفکر ڈاکٹر راہی معصوم رضا کے نام سے منسوب تھا۔
ایل جی سنہا نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہ سیمینار راہی معصوم رضا کے خیالات اور وراثت کو زندہ کرنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے، بالکل اسی طرح جیسے گنگوتری سے زمین تک بہنے والا مقدس دریا۔
انہوں نے بتایا کہ راہی صاحب کا صد سالہ جشن یکم اگست 2026 سے شروع ہوگا۔ ان کی وراثت صرف ادب یا فلموں تک محدود نہیں، بلکہ گنگا، بھارتی تہذیب اور انسانیت کے گہرے رشتے کی نمائندگی کرتی ہے۔ اگر ہم راہی کو گنگا اور سنسکرت کی روح سے الگ کریں، تو ان کی وراثت میں بگاڑ پیدا ہوگا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے یاد دلایا کہ راہی معصوم رضا نے ایمرجنسی کے دوران بھی اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ “جب بالی وُڈ میں کئی لوگ خاموش رہے، راہی صاحب نے آواز بلند کی۔”
انہوں نے کہا کہ راہی کی تحریروں نے نوجوانوں کو خود احتسابی اور خلوص کے ساتھ عمل کرنے کی ترغیب دی۔
نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے ایل جی نے کہا، “چاہے کچھ بھی ہو جائے، سفر رکنا نہیں چاہیے۔ نوجوانوں کے پاس پر ہیں، مگر ان پروازوں کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں طاقت اور نظم و ضبط کی ضرورت ہے۔ کسی کو بھی اس جذبے کو توڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔”
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ملک بھر میں ایک نئی بیداری پیدا ہوئی ہے اور ہر شہری وِکست بھارت (ترقی یافتہ بھارت) کی تعمیر میں حصہ لینا چاہتا ہے۔ “میں ادیبوں، دانشوروں اور مفکروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ راہی کی وراثت کو آگے بڑھائیں اور بھارت کے اخلاقی و ثقافتی نظریے کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ بھارت اب دنیا کی چوتھی بڑی معیشت ہے اور جلد ہی تیسری بڑی معیشت بن جائے گا۔ ہماری روایات ہمیشہ اتحاد اور بھائی چارے کی علامت رہی ہیں، اگرچہ کچھ عناصر ہمیں ذات یا مذہب کی بنیاد پر بانٹنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے عناصر کو نوجوانوں کے اجتماعی عزم سے شکست دینا ہوگا۔
سنہا نے راہی معصوم رضا کی خدمات کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا، “راہی نےمہابھارت کو کروڑوں دلوں کے قریب لایا، یہاں تک کہ ان کے بھی جنہوں نے کبھی اسے پڑھا نہیں تھا۔ ان کا سفر سچائی، ہمدردی اور تسلسل کا سفر ہے — اور یہ سفر کبھی رکنا نہیں چاہیے۔
نوجوانوں کو امن اور عزم کی راہ پر قائم رہنا چاہیے: ایل جی منوج سنہا