عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کی عدم موجودگی کو کم کارکردگی کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ منتخب حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں۔یہاں ایس کے آئی سی سی میںجموں و کشمیریوٹی کے یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں کہا ہے کہ پہلے حد بندی، دوسرے اسمبلی انتخابات اور پھر مناسب وقت پر ریاست کی بحالی ہوگی۔ایل جی نے کہا”لیکن کچھ لوگوں کو کچھ مسائل ہیں، جب اسمبلی انتخابات ہوئے، تو یہ واضح تھا کہ انتخابات یوٹی اسمبلی کے لیے ہو رہے ہیں۔ وہ (منتخب حکومت) یہ بہانہ نہیں بنا سکتی کہ ریاست کی بحالی تک کام نہیں ہو سکتا،” ۔سنہا نے کہا کہ منتخب حکومت کے پاس تمام اختیارات ہیں، اور انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاست کی عدم موجودگی کے بہانے لوگوں کو گمراہ نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو جموں و کشمیر کے لوگوں کی بہتری کے لئے اپنے اختیارات کا استعمال کرنا چاہیے۔