چیف سیکرٹری کاطویل مدتی روڈ میپ پر زور
سرینگر//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم کے منظر نامے کو تبدیل کرنے کیلئے جامع اور مستقبل پر مبنی روڈ میپ کی ضرورت پر زور دیا ۔ سیکٹر کا جائیزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہائیر ایجوکیشن محکمہ سے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کی حیثیت کو بلند کرنے اور اسے عصری تعلیمی ، تکنیکی اور مارکیٹ کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کیلئے 5-10 سالہ اسٹریٹجک پلان تیار کیا جائے ۔ چیف سیکرٹری نے محکمہ سے نصاب کی نظر ثانی کرنے کی ہدایت دی تا کہ اسے زیادہ ہنر پر مبنی ، صنعت کی رہنمائی والا اور امنگوں سے بھر پور بنایا جا سکے ۔انہوں نے پرانے کورسز کو دوبارہ ڈیزائن کرنے اور نئے ، مارکیٹ کی رہنمائی والے پروگرامز متعارف کرانے پر زور دیا تا کہ طلباء ابھرتی ہوئے روز گار کے مواقع کیلئے تیار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا مقصد ایک مستقبل پر مبنی روزگار کے قابل نسل پیدا کرنا ہے نہ کہ ایسی نسل جو گریجویشن کے بعد مواقع کی جدو جہد کرے ۔ انہوں نے محکمہ کو یونین وزارت تعلیم ، نیتی آیوگ اور ہائیر ایجوکیشن کونسل سے رہنمائی حاصل کرنے کی ہدایت دی تا کہ پالیسی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی برتری کو مضبوط بنایا جا سکے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن شانت منو نے محکمہ کی پیش رفت کو اجاگر کیا ۔حکومت کی تعلیمی برتری اور طالب علم محور اصلاحات کے عزم کو دوہراتے ہوئے چیف سیکرٹری نے محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ مشن پر مبنی نقطہ نظر اپنائے تا کہ جموں و کشمیر میں اعلیٰ تعلیم آنے والے برسوں میں معیار ، جدت اور روزگار کی صلاحیت کا ایک نمونہ بن کر ابھرے ۔