محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے سرحدی علاقوں میں کمیونٹی بنکرز کی تعمیر میں تاخیر پر عوامی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور ڈپٹی کمشنر پونچھ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ سرحدی آبادی کو درپیش خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جا سکیں۔عوامی نمائندوں سیف قریشی اور چوہدری رضوان احمد نے ایک مشترکہ یادداشت کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کی توجہ اس سنگین عوامی مسئلے کی جانب مبذول کرائی ہے۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ تحصیل مینڈھر، پونچھ اور سرنکوٹ کے سرحدی علاقوں میں کمیونٹی بنکرز کی تعمیر کا عمل تاحال شروع نہیں کیا گیا، حالانکہ اس مقصد کے لئے سروے کئی ماہ قبل مکمل کیا جا چکا تھا۔یادداشت کے مطابق سرحدی علاقوں میں بسنے والے عوام روزانہ گولہ باری اور سیکورٹی خدشات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مناسب حفاظتی ڈھانچوں کی عدم موجودگی کے باعث لوگ شدید خوف و اضطراب میں مبتلا ہیں۔ شہریوں نے اس بات پر زور دیا کہ بنکرز کی بروقت تعمیر نہ صرف عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے ضروری ہے بلکہ یہ سرحدی امن و استحکام کے لئے بھی ایک کلیدی قدم ثابت ہوگی۔سیف قریشی اور چوہدری رضوان احمد نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ نے بارہا بنکرز کی تعمیر کے وعدے کئے لیکن عملی سطح پر کوئی پیش رفت نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بنکرز کی تعمیر میں مزید تاخیر ہوئی تو سرحدی آبادی کو کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔عوامی نمائندوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا کہ وہ ذاتی سطح پر اس منصوبے کی نگرانی کریں اور تعمیراتی عمل کو جلد از جلد شروع کرائیں تاکہ عوام کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی جا سکیں۔دستخط کنندگان نے کہا کہ انتظامیہ کی بروقت کارروائی نہ صرف عوامی اعتماد کو بحال کرے گی بلکہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کے لئے تحفظ اور اطمینان کا احساس بھی پیدا کرے گی۔