عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر اسمبلی میں جمعہ کو حکمران جماعت نیشنل کانفرنس کے ارکان نے ایک نیوز پورٹل کے خلاف احتجاج کیا جس نے ایک ایم ایل اے کی اسمبلی اجلاس کے دوران سوشل میڈیا اسکرول کرنے کی ویڈیو وائرل کی تھی۔
جیسے ہی سوالیہ اجلاس شروع ہوا، کرناہ سے ایم ایل اے جاوید مرچال نے اس نیوز پورٹل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا، “جب میں ڈاکٹروں کے بارے میں سوال کر رہا تھا، میں نے چند سیکنڈ کے لیے فیس بک کھولا تھا۔ اسی لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی ہے۔”
مرچال کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد انہیں پوری رات نیند نہیں آئی اور آن لائن ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔
انھوں نے زور دیا“ایسے پیڈ ایجنٹس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے ـ
اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے این سی کے نذیر گوریزی نے کہا کہ مرچال دراصل اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے موصولہ کاروباری دستاویزات دیکھ رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا، “ان کے حلقے کے لوگ انہیں سوشل میڈیا پر وقت ضائع کرنے کا الزام دے رہے ہیں، حالانکہ وہ اپنے علاقے کے مسائل پر بات کر رہے تھے۔ ہم اس بے ضابطہ پورٹل کے خلاف مراعاتی تحریک لانے جا رہے ہیں۔”
اسپیکر نے احتجاج کرنے والے این سی ارکان کو یقین دلایا کہ اس معاملے میں مناسب کارروائی کی جائے گی۔
اسمبلی اجلاس کے دوران سوشل میڈیا استعمال کی ویڈیو وائرل ہونے پر ایم ایل ایز کا احتجاج
 
			 
								 
		 
		 
		 
		 
		 
		 
		