عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//قومی راجدھانی علاقہ اور اطراف میں فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دیوالی کے بعد دہلی این سی آر کی فضا میں زہریلا پن اس حد تک بڑھ گیا ہے کہ سانس لینا دشوار ہو گیا ہے۔ جمعرات کے روز دہلی کے کئی علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 400 سے تجاوز کر گیا۔ اس طرح دہلی کے شہری لگاتار 17 ویں دن ’انتہائی خراب‘ زمرے کی ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق آنند وہار میں اے کیو آئی 409، وزیر پور میں 394، اشوک وہار میں 385، آئی ٹی او پر 365 اور آئی جی آئی ایئرپورٹ علاقے میں 316 ریکارڈ کیا گیا۔اگرچہ ہوا کی سمت میں معمولی تبدیلی اور رفتار میں کمی سے فضائی معیار میں کچھ بہتری آئی ہے لیکن یہ راحت سانس لینے کو آسان بنانے کے لیے کافی نہیں ہے۔ ماہرین کے مطابق ہوا کی رفتار 8 کلو میٹر فی گھنٹہ سے کم ہونے پر آلودگی کے عناصر اوپر نہیں اٹھ پاتے ہیں جس کی وجہ سے دھند کی موٹی تہہ بن جاتی ہے۔حالانکہ آلودگی کو کم کرنے کی کوششوں کے تحت دہلی حکومت کی جانب سے ٹیکنالوجی کے ساتھ تجربات بھی کئے جا رہے ہیں مگر وہ اب تک ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ چند روز قبل راجدھانی کے میور وہار اور براڑی جیسے علاقوں میں کلاؤڈ سیڈنگ (مصنوعی بارش) کا تجربہ کیا گیا، جس کے بعد پی ایم 10 کی سطح میں 41.9 فیصد تک کمی درج کی گئی۔ اس آپریشن کے بعد کئی علاقوں میں اے کیو آئی میں بھی معمولی بہتری دیکھی گئی ہے۔
دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا نے دعویٰ کیا کہ بادلوں میں نمی کم ہونے کے باوجود یہ تجربہ کامیاب رہا لیکن ہماری کوششیں صرف ایک ٹیکنالوجی تک محدود نہیں ہیں، ہم آلودگی کو کم کرنے کے لئے متعدد محاذوں پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جاری کئے گئے احکامات پر سختی سے عمل در آمد، سڑک کی صفائی، گاڑیوں سے دھوئیں کے اخراج پر کنٹرول اور گندگی نپٹانے جیسے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔دریں اثنا دہلی- این سی آر میں ایئر پیوریفائر کی فروخت میں بھی زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ دیوالی کے بعد جیسے جیسے ہوا کا معیار خراب ہوتا گیا، ویسے ویسے ان کی مانگ بڑھتی گئی۔ الیکٹرانکس مارکیٹوں میں لوگوں کی بھیڑ یہ ثابت کر رہی ہے کہ اب سانس لینا بھی ’لکژری‘ ہوتا جا رہا ہے۔دوسری جانب دہلی-این سی آر میں آلودگی کے ساتھ ہی سردی نے دستک دے دی ہے جس کے بعد موسم کا مزاج مزید خراب ہو گیا ہے۔ آج (جمعرات) کی صبح راجدھانی کے کئی حصوں میں ہلکا کہرا نظر آیا جبکہ دھند اور بادلوں نے سڑکوں پر لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ اس صورتحال میں راجدھانی کے لوگوں کو دن اور رات کے اوقات میں سانس لینے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔