عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر حکومت نے کہا ہے کہ وادی سے تقریباً 14,000 میٹرک ٹن سیب، جو نو لاکھ ڈبوں کے برابر ہے، اس سیزن کے دوران ریل خدمات کے ذریعے بیرونِ ریاستی منڈیوں تک پہنچایا گیا ہے۔
زرعی پیداوار، دیہی ترقی و پنچایتی راج، کوآپریٹو اور الیکشن محکموں کے انچارج وزیر نےکہا کہ ریل ٹرانسپورٹ کے آغاز نے باغبانی مصنوعات کی ترسیل کو آسان بنایا ہے اور یہ سڑک ٹرانسپورٹ کے مقابلے میں ایک کم خرچ متبادل ثابت ہوا ہے۔
یہ سہولت وادی کی بڑی سبزی و پھل منڈیوں کو ملک کے مختلف ٹرمینل مارکیٹوں، بشمول دہلی، سے جوڑتی ہے۔
حالیہ سڑک بندش کے دوران 1,25,376 سیب کے ڈبے، جن کی مالیت 10.03 کروڑ روپے تھی، بڈگام اور اننت ناگ سے ریل کے ذریعے جموں اور آدرش نگر دہلی بھیجے گئے۔
وزیر نے مزید کہا کہ ٹریفک پولیس، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باقاعدہ رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ نیشنل ہائی وے پر پھل سے لدے ٹرکوں کی آمدورفت ہموار رہے۔
ٹرکوں کی کمی کی صورت میں حکومت نے جے کے ایس آر ٹی سی کے ذریعے اضافی گاڑیاں فراہم کی ہیں۔
اس کے علاوہ، مغل روڈ کو بھی متبادل راستے کے طور پر فعال کیا گیا ہے تاکہ قومی شاہراہ پر کسی رکاوٹ کے دوران پھلوں سے لدے ٹرکوں کی بلا تعطل نقل و حمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
’وادی سے 14,000 میٹرک ٹن سیب ریل نیٹ ورک کے ذریعے بیرون ریاستی منڈیوں میں منتقل‘