عظمیٰ نیوز سروس
امبالہ/ /صدر دروپدی مرمو نے بدھ کے روز امبالہ ایئر فورس اسٹیشن پر رافیل لڑاکا طیارے میں اپنی پہلی پرواز کو ایک “ناقابلِ فراموش تجربہ” قرار دیا اور ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں پر فخر کا اظہار کیا۔صدر نے وزیٹرز بُک میں اپنے تاثرات تحریر کرتے ہوئے لکھا کہ میں امبالہ ایئر فورس اسٹیشن کا دورہ کر کے خوش ہوں، جہاں مجھے ہندوستانی فضائیہ کے رافیل طیارے میں پہلی بار پرواز کا موقع ملا۔ رافیل پر یہ پرواز میرے لیے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ رہی۔ اس طاقتور رافیل طیارے میں پہلی پرواز نے میرے اندر قوم کی دفاعی صلاحیتوں پر نئے جوش اور فخر کا احساس پیدا کیا ہے۔ میں ہندوستانی فضائیہ اور امبالہ ایئر فورس اسٹیشن کی پوری ٹیم کو اس کامیاب پرواز کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔صدر مرمو، جو ہندوستانی مسلح افواج کی سپریم کمانڈر بھی ہیں، تقریباً 30 منٹ تک پرواز کرتی رہیں۔
اور قریب 200 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد ایئر فورس اسٹیشن واپس آئیں۔ رافیل طیارہ گروپ کیپٹن امیت گہانی نے اڑایا، جو نمبر 17 اسکواڈرن ‘گولڈن ایروز’ کے کمانڈنگ آفیسر ہیں۔ طیارے نے سمندر کی سطح سے تقریباً 15,000 فٹ کی بلندی پر اور 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کی۔ پرواز سے قبل صدر کو گارڈ آف آنر دیا گیا اور رافیل طیارے اور ہندوستانی فضائیہ کی عملی صلاحیتوں پر بریفنگ دی گئی۔ سپریم کمانڈر دروپدی مرمو نے روانگی سے قبل شوانگی سنگھ سے بھی ملاقات کی، جو ہندوستان کی پہلی رافیل پائلٹ ہیں۔ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امر پریت سنگھ نے بھی اسی اسکواڈرن کے ایک رافیل طیارے میں پرواز کی اور صدر کے طیارے کے ساتھ ایک فارمیشن سورٹی کی قیادت کی۔ امبالہ ایئر فورس اسٹیشن وہ پہلا اڈہ تھا جہاں فرانس کی کمپنی داسو ایوی ایشن کی فیکٹری سے رافیل طیارے موصول ہوئے تھے۔‘گولڈن ایروز’ اسکواڈرن، جو رافیل طیارے چلاتی ہے، کو ایئر فورس ڈے کی 93ویں سالگرہ کے موقع پر چیف آف ایئر اسٹاف کی جانب سے یونٹ سیٹیشن سے نوازا گیا، ان کی آپریشن سندور میں شاندار کارکردگی کے اعتراف میں۔ صدر مرمو اس سے قبل 8 اپریل 2023 کو آسام کے تیزپور ایئر فورس اسٹیشن سے سخوئی ایس یو -30ایم کے آئی لڑاکا طیارے میں بھی پرواز کر چکی ہیں، جس کے ساتھ وہ دو مختلف جنگی طیاروں میں پرواز کرنے والی پہلی ہندوستانی صدر بن گئیں