عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے پی ڈی پی کی طرف سے اسمبلی میں پیش کردہ اراضی بل کو ایک ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی کی مثال ایک ڈوبتے ہوئے جہاز کی سی ہے اور اب یہ تنکے کا سہارا تلاش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اراضی اور دوسری مشکلات در پیش ہیں لیکن ان کو حل کرنے کا ایک طریقہ ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘پی ڈی پی نے جو اراضی بل پیش کیا ہے، وہ ایک تماشا تھا، ہم جانتے ہیں کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو اراضی اور دوسری مشکلات در پیش ہیں لیکن ان کو حل کرنے کا ایک طریقہ ہے’۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بل صرف لوگوں کو گمراہ کرنے کے لئے ہے۔
سریندر چودھری نے کہا: ‘آج اگر لوگ زمین سے محروم ہو رہے ہیں تو اس کی ذمہ دار پی ڈی پی اور بی جے پی ہے، اگر پی ڈی پی الائنس نہ کرتی تو ایسا نہیں ہوتا’۔
انہوں نے کہا: ‘آج ہمیں بھی بی جے پی کا دباؤ ہے کہ ہم ان کے ساتھ حکومت بنائیں لیکن ہم مشکلات برادشت کریں گے لیکن ان کے ساتھ حکومت نہیں بنائیں گے’۔
ان کا کہنا تھا: پی ڈی پی ایک ڈوبتا ہوا جہاز ہے جو تنکے کا سہارا ڈھونڈ رہی ہے۔ یہ بل بھی ان کی ایک ایسی ہی کوشش ہے لیکن جموں وکشمیر کے لوگ اب ایسا نہیں ہونے دیں گے’۔
انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لئے عمر عبداللہ سرکار وعدہ بند ہے۔
پی ڈپی پی کا اراضی بل ایک ڈرامہ ہے: سریندر چودھری