عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکنِ اسمبلی کی جانب سے حالیہ قدرتی آفات کے اثرات پر بحث کے لیے پیش کی گئی ملتوی تحریک کو مسترد کر دیا، جس کے بعد پارٹی ارکان نے ایوان میں زبردست احتجاج کیا۔جیسے ہی وقفۂ سوالات شروع ہوا، بی جے پی کے ایم ایل اے پون کمار گپتا نے ایوان کی توجہ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات سے متعلق ایک ملتوی تحریک کی طرف مبذول کرائی۔اسپیکر نے کہا کہ یہ تحریک، جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے قواعدِ کار و طرزِ عمل کے مطابق، مسترد کی گئی ہے۔
اس فیصلے کے بعد بی جے پی ارکانِ اسمبلی نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ’’جموں کے ساتھ انصاف کرو‘‘ کے نعرے لگائے، جبکہ نیشنل کانفرنس کے ارکان نے ’’ریاستی درجہ واپس کرو‘‘کے نعرے لگا کر ان کا جواب دیا۔ایوان میں ہنگامہ آرائی کے دوران اسپیکر نے وضاحت کی کہ یہ تحریک ایسے معاملے پر پیش نہیں کی جا سکتی جو پہلے ہی بحث کے لیے ایجنڈے میں شامل ہو۔اسپیکر نے احتجاجی ارکان سے کہاآپ کی قرارداد اس مسئلے پر کل کے لیے فہرست میں شامل ہے۔ آپ اس پر پورا دن بحث کر سکتے ہیں۔
جموں و کشمیر اسمبلی میں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات پر ملتوی تحریک مسترد کیے جانے پر ہنگامہ