محتشم احتشام
پونچھ//جموں و کشمیر اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران کل ایم ایل اے پونچھ اعجاز احمد جان نے پہاڑی درجہ قبائل (ایس ٹی پہاڑی) کے طلباء کو اسکالرشپ کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر پر سخت برہمی اور تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ متعدد یاد دہانیوں اور نمائندگیوں کے باوجود اسکالرشپ کی رقم تاحال جاری نہیں کی گئی، جس کے باعث سینکڑوں طلبہ شدید ذہنی دباؤ اور مشکلات کا شکار ہیں، خاص طور پر جب تعلیمی سیشن اپنے اختتامی مرحلے میں ہے۔اعجاز احمد جان نے کہا کہ ’ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پہاڑی ایس ٹی طلباء کے ساتھ دانستہ لاپرواہی اور سازش کی جا رہی ہے۔ یہ طلبہ انصاف کے لئے ایک دفتر سے دوسرے دفتر تک دربدر ہیں، جو نہایت افسوسناک ہے۔انہوں نے حکومت سے فوری مداخلت کرتے ہوئے اسکالرشپ کی رقوم بلا تاخیر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ طلباء کی تعلیمی سرگرمیوں پر کوئی منفی اثر نہ پڑے۔موصوف نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز پونچھ، مندر، سرنکوٹ، کالاکوٹ، راجوری، درہال بدھل اور تھنہ منڈی کے متعدد علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے ان سے ملاقات کر کے یہی مسئلہ اْٹھایا۔اس وفد کی قیادت ٹھاکر یاشو وردھن سنگھ، وقار لون، مختار راٹھور، پرویندر سنگھ، ضمیر قریشی، وقار میر، وِوِک شرما، متول الرحمٰن میر، ابھیشیک شرما، وِشال شرما، عابد مگری، عبدالرزاق، اسحاق شیخ، اسحاق خان، خورشید شاہ اور دیگر طلبہ رہنماؤں نے کی۔اعجاز احمد جان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس معاملے میں سنجیدگی دکھاتے ہوئے تمام پہاڑی ایس ٹی طلبہ کو ان کا حق فوری طور پر فراہم کرے۔