محتشم احتشام
پونچھ //یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس محکمہ پونچھ کی جانب سے سرگرمی کیلنڈر 2025–26 کے تحت منعقدہ انٹر ڈسٹرکٹ یو ٹی لیول کرکٹ مقابلے (انڈر 17 گرلز) کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔ اس ٹورنامنٹ میں جموں و کشمیر کے 14 اضلاع سے ٹیموں نے پْرجوش انداز میں شرکت کی۔فائنل میچ اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں ضلع کولگام اور ضلع سری نگر کے درمیان کھیلا گیا جو ایک سنسنی خیز مقابلہ ثابت ہوا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری نگر نے 15 اوورز میں 93 رنز تین وکٹوں کے نقصان پر بنائے، تاہم کولگام نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ہدف با آسانی حاصل کر لیا۔کولگام کی کھلاڑی میمارہ نے 27 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت دلائی اور انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس طرح کولگام نے انڈر 17 گرلز کیٹگری میں یو ٹی چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔انعاماتی تقریب میں ڈپٹی ایس پی ہیڈکوارٹرز شری نیرج کمار شرما بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔انہوں نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہامنشیات کو نہ کہو، کھیل کو ہاں کہو۔انہوں نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی جانب سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔یہ مقابلے ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس انورادھا گپتا (جے کے اے ایس) کی قیادت اور جوائنٹ ڈائریکٹر وناکشی کول (جے کے اے ایس) کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جبکہ پورے ایونٹ کی دیکھ ریکھ ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر پونچھ محمد قاسم نے انجام دی۔انہوں نے تمام کھلاڑیوں، کوچز اور منتظمین کے جذبے، نظم و ضبط اور کھیل کے روحانی پیغام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلے محکمہ کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے مثبت سمت میں ترقی دی جائے۔ٹورنامنٹ کے دوران وجے کمار ایکٹیویٹی انچارج نے انتظامات کی کامیاب نگرانی کی، جبکہ پرویز احمد (پی ای ایل) بطور وینیو انچارج، پون کمار (پی ای ایل) بطور کنوینر، اور گرووندر سنگھ (پی ای ٹی) و پرویز احمد (آر ای کے) بطور ٹیکنیکل انچارج خدمات انجام دیتے رہے۔ڈائریکٹوریٹ آف وائی ایس ایس کی جانب سے تشکیل دی گئی سلیکشن کمیٹی نے شفاف اور میرٹ پر مبنی انتخابی عمل کے ذریعے اْن کھلاڑیوں کی نشاندہی کی جو مستقبل میں ریاستی اور قومی سطح پر جموں و کشمیر کی نمائندگی کریں گے۔اس ٹورنامنٹ نے نوجوان کھلاڑیوں کے اندر پوشیدہ صلاحیتوں، ٹیم ورک، نظم و ضبط اور کھیل کے جذبے کو اجاگر کیا اور انہیں آئندہ بڑے مقابلوں کے لئے ایک قیمتی پلیٹ فارم فراہم کیا۔