یو این آئی
ریاض/ پرتگال کے عظیم فٹبالر اور النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کی تاریخ کا نیا سنگ میل عبور کرلیا۔ پرتگال کے عظیم فٹبالر اور النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے 25 اکتوبر کو فٹبال کی تاریخ میں ایک اور ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپنے کیریئر کا 950واں گول اسکور کیا۔ رونالڈو نے یہ تاریخی گول سعودی پرو لیگ کے میچ میں النصر کی جانب سے الحزم کے خلاف کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم، بوریدہ میں کیا۔ میچ کے 25ویں منٹ میں جواو فیلکس نے النصر کو برتری دلائی، تاہم آخری لمحات میں رونالڈو نے 88ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر ٹیم کو 2 صفر کی برتری دلائی۔ یہ گول رونالڈو کا النصر کے لیے اس سیزن کا چھٹا اور کلب کے لیے مجموعی طور پر 106واں گول تھا یاد رہے کہ میسی نے 891 گول اسکور کیے ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو نے 1,293 میچز میں 950 گول اور 259 اسسٹس کیے ہیں۔ انہوں نے 854 میچ جیتے ، 240 ڈرا ہوئے اور 199 میں شکست ہوئی۔ اب 40 سالہ رونالڈو کی نظریں ایک ہزار گولز کے سنگ میل پر ہیں۔ ایک ایسا ریکارڈ جس تک آج تک کوئی فٹبالر نہیں پہنچ سکا۔