سمت بھارگو
راجوری // کانگریس لیڈر اور راجوری سے رکنِ اسمبلی افتخار احمد نے جموں و کشمیر اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران بابا غلام شاہ بادشاہ زیارت گاہ شاہدرہ شریف میں ہالز کے نام رکھنے کے معاملے کو زور و شور سے اٹھایا۔اپنے خطاب میں افتخار احمد نے کہا کہ مقدس مقام پر سیاسی شخصیات کے نام کی تختیاں لگانا ناقابلِ قبول اور عوام کے مذہبی جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت گاہیں سیاست سے بالاتر ہوتی ہیں اور ان کا استعمال سیاسی تشہیر کے لئے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے حکومتِ جموں و کشمیر سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور جن ہالز پر نام کی تختیاں نصب کی گئی ہیں انہیں فی الفور ہٹایا جائے۔افتخار احمد نے اپنے بیان میں کہاکہ ’یہ عمل ناقابلِ برداشت ہے۔ اگر ایسا چلتا رہا تو ہر وزیر اپنی تختی کسی نہ کسی زیارت پر لگا دے گا، جو معاشرتی ہم آہنگی کے لیے نقصان دہ ہے‘۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت اس معاملے پر سنجیدگی سے کارروائی کرے تاکہ عوام کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہوں اور زیارت گاہ کی تقدیس برقرار رہے۔