عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے پیر کے روز پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون کی جانب سے پیش کی گئی التوا کی تحریک کو مسترد کر دیا، جس میں حکومت کی ’’ریزرویشن پالیسی کو معقول بنانے میں ناکامی‘‘ پر بحث کی درخواست کی گئی تھی۔
سوالات کے وقفے کے بعدسجاد لون نے کہا کہ انہوں نے ریزرویشن کے مسئلے پر بحث کے لیے التوا کی تحریک جمع کرائی تھی۔ جواب میں، اسپیکر نے کہا کہ اس معاملے پر بحث نہیں کی جا سکتی کیونکہ یہ نہ تو حالیہ نوعیت کا ہے اور نہ ہی اس پر بحث کی اجازت ہے کیوں کہ معاملہ زیرِ سماعت ہے۔
قواعدِ کار و طرزِ عمل برائے ایوان کا حوالہ دیتے ہوئے اسپیکر نے وضاحت کی کہ التوا کی تحریک صرف انہی امور پر لائی جا سکتی ہے جو حالیہ پیش آئے ہوں۔ ’’یہ معاملہ حالیہ نوعیت کا نہیں ہے۔ اس پر ایوان میں پہلے بھی بات ہو چکی ہے۔ حکومت نے اس کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، اور آپ نے بھی اس معاملے کو پہلے اٹھایا تھا۔اسپیکر نے مزید کہا کہ چونکہ معاملہ فی الحال عدالت میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے اس پر ایوان میں بحث نہیں کی جا سکتی۔