اشرف چراغ
کپوارہ//کیرن کے بجلی رسیونگ سٹیشن میں ہفتہ دوپہرکواچانک آگ نمودار ہوئی جس سے نہ صرف مشینری کونقصان پہنچابلکہ علاقہ کیرن کی بجلی سپلائی بھی گُل ہوگئی۔مینڈین کیرن میں قائم بجلی رسیونگ سٹیشن میں ہفتہ دوپہر کواچانک آگ لگ گئی۔آگ نمودارہونے کے فوراًبعد مقامی لوگ،فوج اور پولیس موقعہ پر پہنچ گئے اورآگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔اس دوران کرالہ پورہ فائرسروس سٹیشن کو بھی مطلع کیا گیا ۔کرالہ پورہ سے کیرن تقریباً40کلومیٹردور ہے اور وہاں سے فائرٹینڈرس کوموقعہ واردات پر پہنچنے میں دوگھنٹے کاوقت لگا۔ا س دوران فوج،پولیس اور مقامی لوگوں نے سخت محنت کے بعد آگ پرقابوپالیااوررسیونگ سٹیشن کے باقی حصہ کوبچالیا۔رسیونگ سٹیشن میں مشینری کو نقصان پہنچنے کے نتیجے میں علاقہ کیرن میں بجلی سپلائی منقطع ہوئی ہے ۔مقامی لوگو ں نے انتظامیہ سے ریسونگ اسٹیشن کی فوری طور مرمت کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس دوران کیرن کے لوگو ں نے سر کار سے مطالبہ کیا کہ اس سرحدی علاقہ میں ایک فائر سروس اسٹیشن قائم کیا جائے تاکہ کسی بھی آگ کی واردات کے دوران بر وقت کاروائی عمل میں لائی جائے گئی ۔ان کا کہنا ہے کہ کیرن ایک پہا ڑی علاقہ ہے اور کرالہ پورہ سے یہا ں پہنچنے میں فائرسروس گاڑیوں کو گھنٹوں لگ جاتے ہیں جس کیلئے کیرن میں ایک فائر سروس اسٹیشن قائم کرنا نا گزیر ہے ۔واضح رہے کہ 4سال قبل کیرن میں ریسونگ سٹیشن کی تعمیر کو مکمل کر کے علاقہ کیرن کو بجلی سپلائی سے جو ڑ دیا گیا اور لوگو ں نے خوشی کا اظہار کیا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس قبل کیرن علاقہ کو جنریٹرکے ذریعے 3گھنٹہ کے لئے بجلی سپلائی فراہم کی جاتی تھی اور جب سے یہاں سر کار نے رسیونگ سٹیشن قائم کیا اور تب سے کیرن کے لوگوں کے مشکلات کا ازالہ ہوا ہے ۔