عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے راجیہ سبھا انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کو عوامی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنظیمی اتحاد، نظم و ضبط اور باہمی ربط و ضبط ہی نیشنل کانفرنس کی اصل طاقت ہے، جس کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اتحاد و اتفاق کے ساتھ آگے بڑھیں تو کوئی بھی چیلنج ناقابلِ عبور نہیں رہتا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ پارٹی ہیڈکوارٹر میں راجیہ سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے پارٹی لیڈران ایڈوکیٹ چودھری محمد رمضان، سجاد احمد کچلو اور سردار شمی اوبرائے کے اعزاز میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ یہ جیت صرف نیشنل کانفرنس کی نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے عوام کی کامیابی ہے۔ انہوں نے اُن تمام ممبرانِ اسمبلی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پارٹی اُمیدواروں کے حق میں ووٹ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے وزراء اور اراکین اسمبلی عوام کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں، ان کے دکھ درد میں شریک ہوں، کیونکہ عوام ہی ہمارا اصل سرمایہ ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نومنتخب راجیہ سبھا ممبران سے توقع ظاہر کی کہ وہ ایوان بالا میں جموں و کشمیر کی خصوصی پوزیشن کی بحالی، عوامی حقوق کے تحفظ اور تعمیر و ترقی کے ایجنڈے کو مؤثر انداز میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ ہمارے نمائندے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک کے عوام کی بات بھی پارلیمنٹ میں بلند کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2024 کے اسمبلی انتخابات میں عوام نے نیشنل کانفرنس کو بھرپور منڈیٹ اس امید پر دیا تھا کہ گزشتہ دس برسوں کی ناانصافیوں اور عوام مخالف پالیسیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ اللہ کے فضل و کرم سے ہماری حکومت اسی سمت میں گامزن ہے، غیر جمہوری دور کے فیصلوں کو ایک ایک کرکے واپس لیا جارہا ہے اور منشور میں کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی کے بعد حکومت زیادہ مؤثر انداز میں عوامیh وعدے پورے کرسکے گی۔ ’ہم اُمید کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر کو جلد ہی ریاست کا درجہ واپس دیا جائے گا اور اس کے ساتھ اسمبلی کا ایوانِ بالا بھی قائم ہوگا تاکہ تمام طبقوں اور خطوں کو نمائندگی ملے۔‘
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آخر میں پارٹی کارکنان اور عہدیداران پر زور دیا کہ وہ بڈگام اور نگروٹہ کے ضمنی انتخابات کے علاوہ آئندہ پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات میں بھی اسی جوش و اتحاد کے ساتھ نیشنل کانفرنس کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔
راجیہ سبھا انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی شاندار کامیابی عوامی منڈیٹ کی جیت ہے: ڈاکٹر فاروق عبداللہ