عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سکولی بسوں کو محفوظ اور ہموار چلانے کیلئے اور سکولی بسوں کے سڑک حادثات کے واقعات کے خدشات کو دور کرنے کے لیے، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے طلبا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔اس سلسلے میں محکمہ سکول ایجوکیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکیولر میں لکھا گیا ہے، “تمام سربراہان سرکاری اور پرائیویٹ اداروں دونوں، اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ طلبا کی نقل و حمل کے لیے مصروف ہر سکول بس محکمہ ٹرانسپورٹ کے مقرر کردہ اصولوں کی مکمل تعمیل کرتی ہے”۔سرکیولرمیں مزید کہا گیا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ ہر سکول بس میں ڈرائیور کے علاوہ ایک اٹینڈنٹ تعینات کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بورڈنگ، سفر اور ڈی بورڈنگ کے دوران طلبا کی مناسب دیکھ بھال کی جا سکے “۔ سرکیولر میں مزید کہا گیا ہے’’ہر سکول بس میں فرسٹ ایڈ باکس، آگ بجھانے والے آلات، اٹینڈنٹ، گاڑی کی فٹنس، اور انشورنس کی تفصیلات اور ہنگامی رابطے کی تفصیلات سے لیس ہونا چاہیے۔ ڈرائیور مقررہ رفتار کی حد پر سختی سے عمل کریں گے اور بسوں کو صرف منظور شدہ راستوں پر چلائیں گے۔ جلدی یا لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی کوئی بھی صورت سخت تادیبی اور قانونی کارروائی کی دعوت دے گی”۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف ایجوکیشن آفیسرز ان ہدایات کی مناسب نگرانی کو یقینی بنائیں گے اور کسی کوتاہی کی صورت میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی شروع کی جائے گی۔