عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/کرائم برانچ کشمیر کے اکنامک افینسز وِنگ (EOW) نے ہفتہ کو ایک پٹواری کو گرفتار کیا جو پچھلے تین ماہ سے بدعنوانی کے ایک مقدمے میں گرفتاری سے بچ رہا تھا۔
موصولہ بیان کے مطابق، ملزم کی شناخت عاشق علی ولد غلام رسول خان ساکن پَنر جاگیر، حال ہاول، سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔ مذکورہ ایف آئی آر نمبر 14/2025 میں مطلوب تھا جو دفعات 167، 420 اور 120-بی آر پی سی کے تحت، انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 5(2) کے ساتھ درج کی گئی تھی۔
بیان میں بتایا گیا کہ کیس میں رشوت ستانی، دھوکہ دہی، غلط میوٹیشنز اور ریونیو ریکارڈز میں ناجائز اندراجات کے الزامات شامل ہیں۔ یہ ایف آئی آر 9 جولائی 2025 کو درج کی گئی تھی جس میں ایک تحصیلدار سمیت چھ ملزمان کے نام شامل تھے، جن میں سے پانچ کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔
“متعدد کوششوں کے باوجود عاشق علی گرفتاری سے فرار تھا، تاہم خفیہ اطلاع پر اکنامک افینسز وِنگ کی ایک خصوصی ٹیم نے جمعہ کے روز اسے گرفتار کر لیاـ
محکمے نے مزید بتایا کہ ملزم کی ضمانت کی درخواست عدالت نے پہلے ہی مسترد کر دی تھی۔ کرائم برانچ نے بدعنوانی اور معاشی جرائم کے خلاف اپنی کارروائی کو شفاف اور مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تین ماہ کی مفروری کے بعد کرپٹ پٹواری کرائم برانچ کشمیر کے شکنجے میں