عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ بی جے پی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی جمعہ کو منعقد ہو رہے راجیہ سبھا انتخابات میں اپنا ہدف ضرور حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس اور پی ڈی پی مجبوری میں نیشنل کانفرنس کی حمایت کر رہے ہیں۔
موصوف جنرل سکریٹری نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ووٹ کس کو پڑیں گے، کیسے پڑیں گے، یہ سب شام 5 بجے پتہ چلے گا، کانگریس اور پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس کی حمایت کر رہے ہیں، اب اس اتحاد سے کیا نکل کر سامنے آئے گا وہ شام 5 بجے معلوم ہوگا’۔
بی جے پی لیڈر نے کہا: ‘ہمارے لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما نے زور سے کہا ہے کہ ہم اپنا ہدف ضرور حاصل کریں گے، انہوں نے یہ بات کسی بنیاد پر کہی ہوگی لہذا ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم اپنا ہدف حاصل کریں گے’۔
کانگریس اور پی ڈی پی کا نیشنل کی حمایت کرنے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: ‘یہ بی جے پی کی مخالفت میں سارا کچھ کر رہے ہیں، لیکن ان کے لیڈروں اور کارکنوں میں اب وہ بات نہیں رہی’۔
ان کا کہنا تھا: ‘کانگریس مرکزی قیادت کے کہنے پر مجبور ہو کر نیشنل کانفرنس کی حمایت کر رہی ہے اور پی ڈی پی کا بھی یہی حال ہے’۔
راجیہ سبھا انتخابات: ہم اپنا ہدف ضرور حاصل کریں گے: اشوک کول