عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //موجودہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے کی بات کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے ممبر اسمبلی سنیل شرما نے اسمبلی کے خزاں اجلاس کی محدود مدت پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی مسائل پر بات کرنے کیلئے مناسب وقت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔اسمبلی احاطے میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ اسمبلی سیشن کے دوران کئی اہم عوامی مسائل بالخصوص بجلی، پانی اور سڑک پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ تاہم یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ حکومت نے اس کیلئے بہت محدود وقت مختص کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی اہم عوامی مسائل بالخصوص بجلی، پانی اور سڑک پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بنیادی سہولیات کے منتظر ہیں، حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے۔شرما نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو ان سے بہت توقعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ انہوں نے نہ تو سیشن کے لیے کافی وقت دیا اور نہ ہی وہ لوگوں کے لیے کام کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن محدود اجلاس کے دوران عوامی مسائل کو موثر انداز میں اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ راجیہ سبھا انتخابات کے بارے میں، انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو پورا یقین ہے کہ وہ جیت جائے گی۔