یو این آئی
نئی دہلی /ہندوستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبان میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں ہند۔پاک ٹاکرے کی ممکنہ تاریخ اور مقام سامنے آ گیا۔ کرکٹ ٹورنامنٹ کوئی بھی ہو، شائقین کرکٹ کو انتظار ہوتا ہے تو روایتی حریفوں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلے کا جس کو پاک بھارت ٹاکرا کا نام بھی دیا جاتا ہے ۔ آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ ہندوستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے ۔ اے اسپورٹس کے مطابق آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں دونوں روایتی حریف کب ٹکرائیں گے ، اس کی ممکنہ تاریخ اور مقام سامنے آ گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ممکنہ طور پر یہ بڑا میچ 8 فروری کو کولمبو میں ہوگا جب کہ یہ میچ میگا ایونٹ کا آغاز بھی ہو سکتا ہے ۔ اس ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ میگا ایونٹ کے میچز ہندوستان میں کم از کم پانچ مقامات پر جب کہ سری لنکا کے دو اسٹیڈیم میچوں کی میزبانی کریں گے ۔ اگر پاکستان فائنل میں پہنچتا ہے تو یہ بڑا مقابلہ کولمبو میں کھیلا جائے گا بصورت دیگر احمد آباد میں ٹورنامنٹ کا اختتام ہوگا۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں جو ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ اس میں عالمی درجہ بندی کے تحت ہندوستان، پاکستان، آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، امریکا، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ کناڈا، نیدرلینڈ، اٹلی، نمیبیا، زمبابوے ، نیپال، عمان اور متحدہ عرب امارات بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 گزشتہ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ پر ہی کھیلا جائے گا۔