یو این آئی
پیرس/سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس اسٹار اور 24 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن نوویک جوکووچ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے فرانس میں ہونے والے پیرس ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے ۔ای ایس پی این کے مطابق 38 سالہ نوویک جوکووچ نے یہ فیصلہ ٹانگ کی تکلیف کے باعث کیا، جس کی وجہ سے وہ چند دن قبل سعودی عرب میں ہونے والے سِکس کِنگز سیلم ایونٹ کے دوران کھیل جاری نہ رکھ سکے تھے ۔ 38 سالہ نوویک جوکووچ نے فٹنس مسائل کے باعث رواں سیزن میں محدود شرکت کی ہے ، اور چار بڑے گرینڈ سلام ایونٹس کے علاوہ صرف 8 اے ٹی پی ٹورنامنٹس میں حصہ لیا۔ وہ رواں سال آسٹریلین اوپن، فرنچ اوپن، ومبلڈن اور یو ایس اوپن، چاروں کے سیمی فائنل تک پہنچے تھے ۔ان کا آخری باقاعدہ ٹورنامنٹ شنگھائی ماسٹرز تھا، جہاں وہ ہپ کی تکلیف کے باعث سیمی فائنل میں باہر ہو گئے تھے ۔نوویک جوکووچ نے 2024 کے اے ٹی پی فائنلز کے لیے کوالیفائی تو کیا تھا، تاہم انہوں نے وہ ایونٹ نہیں کھیلا۔ رواں سال کے اے ٹی پی فائنلز مقابلے 9 سے 16 نومبر تک ٹورین، اٹلی میں منعقد ہوں گے ۔