عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/حکومت نے جمعرات کو ملک کے اگلے چیف جسٹس آف انڈیا کی تقرری کا عمل شروع کر دیا ہے کیونکہ موجودہ چیف جسٹس بی آر گوائی 23 نومبر کو عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق، جسٹس گوائی کو ان کے جانشین کا نام تجویز کرنے کے لیے خط جمعرات شام یا جمعہ کو بھیجے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججوں کی تقرری، تبادلے اور ترقی کے لیے رہنما اصولوں پر مشتمل ’’میمورنڈم آف پروسیجر‘‘کے مطابق چیف جسٹس آف انڈیا کے عہدے پر تقرری سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج کی ہونی چاہیے جو اس عہدے کے لیے موزوں سمجھا جائے۔قانون کے مطابق، مرکزی وزیرِ قانون مناسب وقت پر سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس سے ان کے جانشین کے تقرر کے لیے سفارش طلب کرتے ہیں۔ روایتی طور پر، یہ خط سبکدوشی سے تقریباً ایک ماہ قبل بھیجا جاتا ہے۔
موجودہ چیف جسٹس بی آر گوائی کے بعد جسٹس سوریہ کانت سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں اور اگلے چیف جسٹس بننے کی صف میں ہیں۔ ان کی تقرری کے بعد، جسٹس سوریہ کانت 24 نومبر کو چیف جسٹس آف انڈیا کا عہدہ سنبھالیں گے اور تقریباً 15 ماہ تک یعنی 9 فروری 2027 تک اس منصب پر فائز رہیں گے۔
حکومت نے نئے چیف جسٹس آف انڈیا کی تقرری کا عمل شروع کیا،جسٹس سوریہ کانت ہوسکتے ہیں نئے چیف جسٹس
