غلام محمد
سوپور//مقامی بازاروں میں معیاری کھانے پینے کی اشیا، منصفانہ قیمتوں اور حفظان صحت سے متعلق اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس، میونسپل کونسل سوپور،ڈرگ کنٹرولر ڈپارٹمنٹ، فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ، اور لیگل میٹرولوجی اوردیگر محکموںکے مختلف علاقوں میں جانچ پڑتال کرنے والی ایک جوائنٹ انفورسمنٹ ٹیم نے مارکیٹوں کی جانچ کی۔ معائنہ کے دوران ٹیم نے قصابوں، سبزی اور پھل فروشوں، بیکریوں اوردیگر کھانے پینے کی دکانوںکا معائنہ کیا تاکہ معیار، حفظان صحت اور ریٹ لسٹوں کی مناسب نمائش کی تصدیق کی جا سکے۔ حکام نے اوور چارجنگ کو روکنے اور منصفانہ تجارتی طریقوں کو یقینی بنانے کیلئے وزن اور پیمائش کے آلات کا بھی معائنہ کیا۔مہم کے دوران، مختلف غلطی کرنے والے دکانداروں سے جرمانے وصول کیے گئے جو کہ غیر معیاری اشیا کی فروخت، ناقص وزنی مشینوں کا استعمال یا حفظان صحت کے معیارات کو برقرار نہ رکھنے جیسے قوانین کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔ مزید برآں، انفورسمنٹ ٹیم نے متعدد دکانداروں سے ممنوعہ پولی تھین بھی قبضے میں لے کر ان پر ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کئے۔عہدیداروں نے نادہندگان کو سختی سے تنبیہ کی کہ وہ تمام ضوابط کی پابندی کریں اور اپنے اداروں کے اندر اور ارد گرد صفائی برقرار رکھیں۔ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ صحت عامہ کے تحفظ، ماحولیاتی آلودگی کو روکنے اور منافع خوری کو روکنے کے لیے اس طرح کی مہم آئندہ بھی جاری رہے گی ۔انتظامیہ نے تاجروں سے بھی اپیل کی کہ وہ معائنہ ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور تمام فوڈ سیفٹی، حفظان صحت اور ماحولیاتی رہنما خطوط پر عمل کریں۔