عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی نے قانون ساز اسمبلی کے خزاں اجلاس کے لیے حکمت عملی تیار کرنے کے لیے آج صبح سرینگر میں اپنے قانون سازوں کی میٹنگ بلائی ہے۔بی جے پی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قائد حزب اختلاف سنیل کمار شرما بی جے پی کے تمام قانون سازوں کی میٹنگ کی صدارت کریں گے تاکہ حکومت کو کئی مسائل پر گھیرنے کی حکمت عملی بنائی جاسکے۔ سنیل شرما نے کہا، ہم صبح 8:30 بجے میٹنگ کر رہے ہیں تاکہ سیشن کے دوران اٹھائے جانے والے مسائل پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔شرما نے کہا، “حکومت انتخابات کے دوران کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے، چاہے وہ 200 مفت یونٹ بجلی، 12 ایل پی جی سلنڈر فی گھر، یا لوگوں کو دی گئی دیگر یقین دہانیاں ہوں۔”سنیل شرما نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں ناکامی پر سوال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں حکومت نے نوجوانوں کے لیے ایک لاکھ نوکریاں پیدا کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن انھوں نے کچھ نہیں کیا، ہم ان سے پوچھیں گے کہ انھوں نے پچھلے ایک سال میں نوجوانوں کے لیے کیا کیا۔