عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کی حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس نے بدھ کے روز سری نگر میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس جمعرات سے شروع ہونے والے جموں و کشمیر اسمبلی اجلاس اور جمعہ کو ہونے والے راجیہ سبھا انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے بلایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ اجلاس سری نگر کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوا، جہاں پارٹی نے اسمبلی کے دوران اپوزیشن کے ممکنہ سوالات، حکومتی پالیسیوں کے دفاع اور عوامی ایشوز پر اپنی حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ اجلاس میں وزراء اور اراکینِ اسمبلی کو ہدایت دی گئی کہ وہ عوامی مفاد کے تمام امور کو مؤثر انداز میں ایوان میں پیش کریں۔
اگرچہ نیشنل کانفرنس نے اپنے اتحادی انڈین نیشنل کانگریس کو بھی اس اجلاس میں مدعو کیا تھا، تاہم کانگریس کی جانب سے کوئی نمائندہ شریک نہیں ہوا، جس سے دونوں جماعتوں کے مابین جاری اختلافات ایک بار پھر نمایاں ہوگئے۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ کانگریس صدر طارق حمید قرہ نے اپنی پارٹی کے قانون ساز اراکین کا الگ اجلاس پارٹی ہیڈکوارٹر پر طلب کیا تھا جو نیشنل کانفرنس کے اجلاس کے وقت ہی جاری تھا۔ ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے اجلاسوں کا وقت تقریباً ایک ہی تھا، جس سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ اتحادیوں کے درمیان راجیہ سبھا انتخابات کو لے کر تناؤ برقرار ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق کانگریس کی غیر حاضری اتحادی حکومت کے اندر بڑھتی خلیج کی علامت ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ دونوں جماعتوں کے درمیان اتحاد برقرار رکھنے کی باتیں ہو رہی ہیں، مگر زمینی سطح پر اختلافات مسلسل بڑھ رہے ہیں، خاص طور پر اقتدار میں شراکت، امیدواروں کی تقسیم اور پالیسی کے معاملات پر۔
ایک سینئر تجزیہ کار نے کہا:’کانگریس کی غیر موجودگی اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان اعتماد کی کمی بڑھ چکی ہے۔ راجیہ سبھا انتخابات اس اتحاد کے لیے ایک بڑا امتحان ثابت ہوں گے۔‘
دوسری جانب جمعرات سے شروع ہونے والے نو روزہ اسمبلی اجلاس کے لیے نیشنل کانفرنس نے اپنی حکومتی ترجیحات طے کر لی ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس میں روزگار، ترقیاتی منصوبے، بجلی اور زرعی اصلاحات جیسے امور کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اراکین کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں اور حکومت کے کاموں کو بہتر طور پر پیش کریں۔
نیشنل کانفرنس کا اہم اجلاس، اسمبلی سیشن اور راجیہ سبھا انتخابات پر حکمت عملی طے
