یواین آئی
ابوجہ// نائیجیریا کے نائیجر صوبے میں پٹرول سے بھرا ایک ٹینکر حادثہ کا شکار ہوگیا۔ حادثہ کے بعد اس سے پٹرول بہنے لگا جس کے بعد اس میں زبردست دھماکہ ہوگیا۔ دھماکہ میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 46 دیگر زخمی ہو گئے۔وفاقی روڈ سیفٹی کور کی افسر ایشاتو سادو نے منگل کی رات صحافیوں کو بتایا کہ کچھ لوگ ایسّا گاؤں میں الٹے پڑے ٹینکر سے پٹرول نکالنے کی کوشش کر رہے تھے کہ اچانک دھماکہ ہو گیا۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ حادثہ ڈرائیور کے گاڑی پر قابو کھو دینے کی وجہ سے پیش آیا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے کیونکہ وہ بری طرح جھلس گئے ہیں۔نائیجر صوبے کے گورنر محمد عمر باگو نے ایک بیان میں اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ واقعہ عوام اور ریاستی حکومت دونوں کے لیے انتہائی دردناک اور مشکل گھڑی ہے۔