عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں حکمران اتحاد کے اندر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان، کانگریس پارٹی نے بدھ کے روز نیشنل کانفرنس کی جانب سے بلائی گئی مشترکہ حکمتِ عملی میٹنگ میں شرکت سے گریز کیا۔ یہ میٹنگ آنے والے راجیہ سبھا انتخابات اور خزاں اجلاس کے حوالے سے حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ کانگریس قیادت نے اس میٹنگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کل شام 6 بجے اپنی علیحدہ میٹنگ طلب کرے گی، جس میں راجیہ سبھا انتخابات کے لیے حکمتِ عملی پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، “آج ہونے والی بات چیت کسی نتیجے پر نہیں پہنچی۔ اجلاس میں اراکینِ اسمبلی نے اپنی آراء پیش کیں، جنہیں کانگریس ہائی کمان کو بھیجا جائے گا۔ ووٹ ڈالنے یا غیر حاضر رہنے کا حتمی فیصلہ.کل کی میٹنگ میں کیا جائے گا۔
این سی نے حکمران اتحاد کے تمام اراکینِ اسمبلی بشمول کانگریس کے چھ، پانچ آزاد اراکین اور سی پی آئی (ایم) کے رکن محمد یوسف تاریگامی کو ریڈیسن کلیکشن ہوٹل میں منعقد میٹنگ کے لیے مدعو کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق، گزشتہ دو ہفتوں سے نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے درمیان اختلافات میں اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر اس وقت سے جب این سی نے راجیہ سبھا انتخابات میں کانگریس کو محفوظ نشست دینے سے انکار کیا۔ اس کے بجائے این سی نے ایک نسبتاً کمزور نشست پیش کی، جسے کانگریس نے مسترد کر دیا۔ اسی طرح، این سی نے نگروٹہ اسمبلی نشست کانگریس کو پیش کی تھی لیکن کانگریس نے این سی کی اِس آفر کو بھی ٹھکرا دیا۔