عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر اسمبلی کا خزاں اجلاس کل سے شروع ہو رہا ہے، جو ایک ہنگامہ خیز اجلاس ہونے کی توقع ہے کیونکہ اپوزیشن جماعتیں نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت کو مختلف مسائل پر گھیرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ اجلاس کے دوران طرزِ حکمرانی، انتخابی منشور میں کیے گئے وعدے، ریاستی درجہ اور ریزرویشن کے معاملات پر زوردار بحث متوقع ہے۔
قائدِ حزبِ اختلاف سنیل شرما نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت سے اس کے ’’انتخابی وعدوں سے انحراف‘‘پر جواب طلب کرے گی۔انہوں نے کہاحکومت نے انتخابات کے دوران جو وعدے کیے تھے —چاہے وہ 200 یونٹ مفت بجلی کا ہو، ہر گھر کو 12 ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے کا، یا دیگر عوامی وعدے ہوں ان میں سے کسی پر بھی عمل نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نوجوانوں کے روزگار کے معاملے پر بھی حکومت کو گھیرے گی۔انتخابات میں ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن حکومت نے اس حوالے سے کچھ نہیں کیا۔ ہم ان سے پوچھیں گے کہ پچھلے ایک سال میں نوجوانوں کے لیے کیا اقدامات کیے گئے؟دوسری جانب، کشمیر کی دیگر اپوزیشن جماعتیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ، پیپلز کانفرنس اور عوامی اتحاد پارٹی ریاستی درجہ، ریزرویشن میں رد و بدل اور دیگر علاقائی مسائل پر احتجاج کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اسمبلی سیکرٹریٹ نے پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون کی جانب سے جمع کرائی گئی ریاستی درجہ کی بحالی سے متعلق قرارداد کو مسترد کر دیا ہے، یہ کہتے ہوئے کہ یہ معاملہ فی الحال عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔اس اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے تین اہم بل پیش کیے جائیں گے۔ کابینہ نے پہلے ہی جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ 1989، جی ایس ٹی ایکٹ 2017 میں ترامیم، اور جموں و کشمیر شاپس اینڈ بزنس اسٹیبلشمنٹ بل 2025 کے نفاذ کی منظوری دے دی ہے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کو اجلاس کے لیے 450 سوالات، 13 نجی اراکین کے بل، اور 55 نجی اراکین کی قراردادیں موصول ہوئی ہیں۔ پچھلے اجلاس سے 33 نجی بل التوا میں ہیں، جنہیں 28 اکتوبر کو’’نجی قراردادوں کے دن‘‘ترجیح دی جائے گی۔
ادھر، اسمبلی کی ’’بزنس ایڈوائزری کمیٹی‘‘آج دوپہر 3 بجے اسپیکر کے دفتر میں اجلاس کرے گی، جس میں ایوان کے مختلف معاملات اور سرکاری بلوں پر بحث کے لیے وقت کے تعین پر غور کیا جائے گا۔کمیٹی کا کردار اسپیکر اور لیڈر آف دی ہاؤس کی مشاورت سے یہ طے کرنا ہے کہ مختلف بلوں اور موضوعات پر ایوان میں کتنا وقت دیا جائے۔
جموں و کشمیر اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس متوقع، اپوزیشن کی حکومت کو انتخابی وعدوں، طرزِ حکمرانی اور ریزرویشن کے مسئلے پر گھیرنے کی تیاری
