عظمیٰ ویب ڈیسک
لہیہ/دیوالی کے موقع پر چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے لداخ کے انتہائی بلند ترین سرحدی علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات ہندستانی فضائیہ (آئی اے ایف) اور فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے مادر وطن کی حفاظت میں مصروف ان بہادر سپاہیوں کے جذبے، فرض شناسی اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔ہندستانی فضائیہ نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر بتایا کہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے لداخ سیکٹر میں جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا،’ انتہائی دشوار، بلند اور سرد ترین حالات میں سرحدوں کی حفاظت کرنے والے ہمارے سپاہی حقیقی معنوں میں قوم کے محافظ ہیں۔ ان کی خدمات اور قربانیاں ہر ہندوستانی کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیوالی روشنی اور امید کا تہوار ہے جو یہ پیغام دیتا ہے کہ اندھیرے پر روشنی اور برائی پر بھلائی ہمیشہ غالب آتی ہے۔ ایئر چیف مارشل نے اس موقع پر تمام فوجی اہلکاروں کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی اور ان کے اہل خانہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ لداخ جیسے دشوار خطے میں خدمات انجام دینا نہ صرف جسمانی طور پر چیلنجنگ ہے بلکہ اس کے لیے غیر معمولی حوصلے اور عزم کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا،’یہ ہمارے سپاہیوں کی بہادری اور فرض شناسی ہے کہ ملک کے عوام اپنے گھروں میں پُرامن طریقے سے دیوالی منا سکتے ہیں۔ قوم آپ سب پر ناز کرتی ہے۔‘
دورے کے دوران ایئر چیف مارشل سنگھ نے مختلف یونٹوں کے افسران اور جوانوں کے ساتھ ملاقات کی، ان کی آپریشنل تیاریوں اور فیلڈ سہولیات کا جائزہ لیا اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے اہلکاروں کے بلند حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہندستانی فضائیہ اور فوج نے ہمیشہ مشکل حالات میں بھی بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔دریں اثنا، ڈپٹی چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر مارشل آودھیش کمار بھارتی نے سیاچن گلیشیئر کا دورہ کیا، جو دنیا کا سب سے اونچا اور سرد ترین جنگی محاذ سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے وہاں تعینات فوجیوں کے ساتھ دیوالی منائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ایئر مارشل بھارتی نے کہا،’سیاچن کے یہ بہادر سپاہی قوم کے لیے قربانی اور خدمت کی علامت ہیں۔ برفانی طوفانوں اور منفی درجہ حرارت کے باوجود ان کا عزم کم نہیں ہوتا۔ یہ ہماری مسلح افواج کے ناقابلِ تسخیر حوصلے کی مثال ہیں۔‘
انتہائی دشوار حالات میں سرحدوں کی حفاظت کرنے والے سپاہی حقیقی معنوں میں قوم کے محافظ: ایئر چیف مارشل
