عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ پوری قوم جموں و کشمیر پولیس کے جذبۂ قربانی، غیر متزلزل عزم اور امن و سلامتی برقرار رکھنے میں اس کے کلیدی کردار کو تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس نے گزشتہ کئی دہائیوں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، قربانی اور فرض شناسی سے لوگوں کے دل جیتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر سنہا منگل کے روز پولیس یادگاری دن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے وطن کے لیے جان نچھاور کرنے والے 1614 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کسی مالی قدر سے ناپی نہیں جا سکتیں۔
انہوں نے کہا، ’میں جموں و کشمیر پولیس کے تمام اہلکاروں کی تعریف کرتا ہوں جو دن رات عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے سرگرم ہیں۔ ان کی خدمات اس خطے کے امن، ترقی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔‘سنہا نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس نہ صرف ملی ٹینسی کے خلاف محاذ پر بلکہ سماجی نظم و نسق، منشیات مخالف مہمات اور عوامی فلاحی سرگرمیوں میں بھی صفِ اول میں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی پولیس اہلکار ایسے ہیں جنہیں نہ کوئی تعطیل نصیب ہوتی ہے، نہ تہوار ان کا واحد مقصد اپنا ’کرتویہ‘ یعنی فرض نبھانا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر عوام اور سیکیورٹی ایجنسیوں سے اپیل کی کہ وہ ملی ٹینسی اور اس کے حمایتی عناصر کے خلاف ہمیشہ چوکس رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں جموں و کشمیر کے عوام نے ملی ٹینسی کے خلاف نمایاں مزاحمت کی ہے۔ ہم سب کو یہ یقینی بنانا ہے کہ ملی ٹینٹ اور ان کے حامی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہوں۔سنہا نے اس بات پر زور دیا کہ امن و قانون کی فضا کو مضبوط رکھنے کے لیے اجتماعی عزم اور سماجی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو یہ عہد کرنا چاہیے کہ وہ پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر کو محفوظ اور پرامن خطہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
تقریب سے خطاب کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے ملک میں عدالتی نظام میں کی گئی اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اب نوآبادیاتی دور کے پرانے قوانین سے آگے بڑھتے ہوئے تین نئے فوجداری انصاف قوانین متعارف کرائے ہیں جو سزا نہیں بلکہ انصاف پر توجہ دیتے ہیں۔
سنہا نے کہا کہ جدید دور میں غلط معلومات اور جعلی بیانیہ سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کو اسمارٹ ٹیکنالوجی استعمال کرنی ہوگی۔ ان کے بقول، ہمیں ان عناصر کے خلاف سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرنی ہوگی جو جھوٹے بیانیے کے ذریعے سماجی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔آخر میں، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پولیس اہلکاروں، شہداء کے اہل خانہ اور حاضرین سے اپیل کی کہ وہ وطن کی سالمیت، جموں و کشمیر کی سلامتی اور امن کے استحکام کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہداء کے اہل خانہ کو درپیش کسی بھی قسم کی مشکلات کے ازالے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ان کے ایثار کو ہمیشہ زندہ رکھا جا سکے۔