عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے پولیس یادگاری دن کے موقع پر ملک کی حفاظت کے لیے بے لوث خدمت انجام دینے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری اور قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’’پولیس یادگاری دن کے موقع پر ہم اپنے پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں اور فرض کی ادائیگی میں ان کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہیں۔ ان کا مضبوط عزم ہمارے ملک اور عوام کو محفوظ رکھتا ہے۔ مصیبت اور ضرورت کے وقت ان کی شجاعت اور وابستگی قابلِ ستائش ہے۔‘‘
وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے دن آیا جب ملک 21 اکتوبر 1959 کو لداخ کے ہاٹ اسپرنگز میں چینی حملے میں شہید ہوئے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے 10 جوانوں کی یاد میں ’’پولیس یادگاری دن‘‘ منا رہا ہے۔ یہ دن اُن تمام پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔وزیر اعظم مودی کی جانب سے پیش کیا گیا خراجِ عقیدت پولیس اہلکاروں کی اٹل وابستگی اور بہادری کے تئیں ملک کے احترام کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ’’ان کی اٹل وابستگی ہمارے لوگوں کی سلامتی کو یقینی بناتی ہے۔ وہ بہادری اور عزم کی مثال ہیں۔‘‘
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی ملک کے لیے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے پولیس افسروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی قربانیوں کے احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ’’ ملک ہمیشہ ان بہادر سپاہیوں کی مقروض رہے گی جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔‘‘
مودی اور شاہ نے پولیس یادگاری دن پر پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا
