عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/عوامی اتحاد پارٹی کے چیف ترجمان، انعام اُن نبی نے اس اہم پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے جس کے تحت دیہی ترقی اور زراعت و کسان بہبود کے مرکزی وزیر شری شیو راج سنگھ چوہان نے بارہمولہ سے مقید رکن پارلیمان انجینئر رشید کو ایک خط لکھ کر مطلع کیا ہے کہ حکومت ہند نے بارہمولہ پارلیمانی حلقے کے لیے پی ایم جی ایس وائی-IV بیچ-I (2025-26) کے تحت 36 سڑک منصوبوں کو منظوری دے دی ہے۔سرکاری اطلاع کے مطابق، یہ منصوبے 136.69 کلومیٹر طویل سڑک نیٹ ورک پر مشتمل ہوں گے، جن پر اندازاً 292.33 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی، اور اس کے ذریعے حلقے کی 41 آبادیوں کو سڑک رابطہ فراہم کیا جائے گا۔
انعام اُن نبی نے کہا، ’’یہ خط اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کس طرح انجینئر رشید کا مساوی دیہی ترقی کا وژن شمالی کشمیر میں ترقی کی راہ ہموار کر رہا ہے۔ اگرچہ وہ ناحق قید میں ہیں، مگر اُن کا ترقیاتی مشن آج بھی نمایاں اور مؤثر ہے۔‘‘انعام اُن نبی نے مرکزی وزیر شیو راج سنگھ چوہان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان اہم سڑک منصوبوں کی منظوری دیہی رابطے کو مضبوط کرے گی، اقتصادی رشتوں کو فروغ دے گی اور شمالی کشمیر کے عوام کو دیرپا فوائد پہنچائے گی۔
انہوں نے جموں و کشمیر کی انتظامیہ سے اپیل کی کہ منظور شدہ منصوبوں پر شفاف اور بروقت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو اس کے ثمرات جلد از جلد حاصل ہوں۔ انعام نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ترقی ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ انجینئر رشید کی قیادت ہر رکاوٹ سے بالاتر ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ان کی وابستگی قید کے باوجود روشن ہے۔
مرکزی حکومت نے بارہمولہ میں 36 سڑک منصوبوں کے لیے 292.3 کروڑ روپے کی منظوری دی؛ عوامی اتحاد پارٹی کا خیرمقدم
