عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/پیر کی رات دیر گئے سرینگر کے فتح کدل علاقے نرپریستان میں بھیانک آگ کی واردات پیش آئی، جس میں کئی رہائشی مکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز محکمہکے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر ٹینڈر موقع پر روانہ کیے گئے تاکہ آگ پر قابو پایا جاسکے۔آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید کمک مہاراج گنج، حبہ کدل، صفا کدل اور رینہ واری فائر اسٹیشنوں سے طلب کی گئی۔حکام کے مطابق اس واقعے میں کم از کم چھ رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ تنگ گلیوں اور گنجان آبادی کے باعث فائر فائٹرز کو آگ بجھانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ان کے سامان کو بچانے کے دوران کافی افراتفری دیکھی گئی۔ مقامی لوگوں اور پولیس نے بھی آگ بجھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
آگ کی اس واردات میں بھاری مالی نقصان ہوا ہے اور درجنوں خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔ پولیس نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ متعلقہ محکموں کی ٹیمیں نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہیں۔
فتح کدل سرینگر میں ہولناک آتشزدگی واردات رونما، متعدد رہائشی مکانات خاکستر
