عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون، بھیم سین توتی نے منگل کے روز کہا کہ غیر ملکی جنگجوؤں کے خاتمے کے لیے جموں میں روزانہ 120 انسدادِ ملی ٹینسی کارروائیاں انجام دی جا رہی ہیں، جو اب بھی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہیں۔
آئی جی پی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بالائی علاقوں میں سرگرم غیر ملکی جنگجو گزشتہ دو برسوں سے ایک چیلنج بنے ہوئے ہیں، تاہم جموں میں انسدادِ ملی ٹینسی کا نظام مزید مضبوط کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ہم سرحدی حفاظتی نظام کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔ بہت جلد بالائی علاقوں میں چھپے غیر ملکی جنگجوؤں کو بے اثر کیا جائے گا۔‘‘آئی جی پی نے مزید کہا کہ جموں میں روزانہ 120 کارروائیاں معمول کے حفاظتی اقدامات کے تحت انجام دی جاتی ہیں، چاہے وہ قیاسی ہوں یا مخصوص اطلاعات کی بنیاد پر کی جائیں۔