عظمیٰ نیوز سروس
بڈگام// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کو نیشنل کانفرنس بڈگام اسمبلی ضمنی انتخاب کے امیدوار آغا سید محمود کے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، عمر عبداللہ نے اعتراف کیا کہ وہ کبھی بھی دو نشستوں پر انتخاب نہیں لڑنا چاہتے تھے، جن میں سے ایک بڈگام اسمبلی حلقہ تھا، جسے انہوں نے بعد میں خالی کر دیا تھا، جہاں ضمنی انتخاب کی ضرورت پڑی۔عمر عبداللہ نے 11 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے آغا سید محمود پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔عمر عبداللہ نے کہا کہ “ہمیں امید ہے کہ آغا محمود یہاں سے شاندار جیت حاصل کریں گے۔ فاروق عبداللہ نے پارٹی اراکین سے بات چیت کی اور فیصلہ کیا کہ آغا محمود اس ضمنی انتخاب میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار ہوں گے، ہمیں کوئی جلدی نہیں تھی، ہم نے پہلے دن ہی فیصلہ کر لیا ہے کہ کون الیکشن لڑے گا”۔عبداللہ نے کہا، “میں نے بڈگام کے لوگوں کو کبھی دھوکے میں نہیں رکھا، مجھے مجبور کیا گیا، حالانکہ میں کبھی نہیں چاہتا تھا، میں نے سیٹ چھوڑی لیکن بڈگام کی ترقی نہیں،” ۔عمر عبداللہ نے پی ڈی پی کے خلاف 2024 کے اسمبلی انتخابات میں گاندربل اور بڈگام دونوں سیٹیں آرام سے جیتی تھیں۔