عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// چرار شریف میں پیر کے روز بلند پائیہ ولی کامل حضرت شیخ العالم شیخ نور الدین ولی ؒ کا سالانہ606واں عرس بڑے ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ہے ۔اس سلسلے میں جموںو کشمیر کے ساتھ ساتھ بیرون ریاستوں سے آئے ہوئے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد شرکے ہے ۔تمام عقیدت مند رات بھر یہاں درود و زکار ،تلات اور نعت خوانی میں محو رہے۔ عرس کے سلسلے میں یہاں گزشتہ روز ہی لوگوں نے آنا شروع کیا تھا تاہم پیر کے روز یہاں لوگوں کا سیلاب اُمڈ آیا ہے۔ نمازِ ظہرین کے موقع پر آستانہ عالیہ کے صحن میں زائرین کا بے پناہ ہجوم امڈ آیا، جہاں لوگوں نے باجماعت نماز ادا کی ۔بہتر موسم اور حالات کے پیش نظر امسال زائرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جبکہ رات بھر جاری رہنے والی شب بیداری میں علماء کرام اور مشائخ عظام نے حضرت شیخ العالم شیخ نور الدین ولیؒ کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ انتظامیہ نے زائرین کے لئے جدید سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ صفائی و ستھرائی کے خصوصی اقدامات بھی کئے تھے، جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے آستانہ کے قریب ایک عارضی میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا۔ وقف بورڈ کی جانب سے روشنی، پینے کے پانی، بیت الخلاء، طبی امداد اور زائرین کے قیام کے لئے عارضی خیمے نصب کئے تھے ۔ ضلعی پولیس اور ٹریفک محکمے نے عقیدت مندوں کی نقل و حرکت کو منظم بنانے کے لئے خصوصی پلان مرتب کیا، جس کے تحت داخلی و خارجی راستوں پر اضافی فورس تعینات کی گئی تھی ۔عرس کے اختتام پر علمائے کرام کی موجودگی میں خصوصی دعا مانگی گئی جس میں جموں و کشمیر اور پوری امت مسلمہ کی سلامتی، امن و خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں۔