محتشم احتشام
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں دیوالی کا تہوار گزشتہ روز مذہبی عقیدت، رواداری اور جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ شہر اور مضافاتی علاقوں میں دن بھر پوجا، روشنیوں، رنگولی اور آتش بازی کا دلکش سلسلہ جاری رہا۔ بازاروں میں رش، گھروں میں چراغاں، اور مندروں میں بھجن و کیرتن کی گونج نے فضا کو مسرور کر دیا۔مین بازار، شنکر نگر، منڈی روڈ، پرانی پونچھ، اور سرنکوٹ چوک سمیت مختلف علاقوں میں روشنیوں سے سجائے گئے مکانات اور دوکانوں نے شہر کو ایک حسین رنگ میں ڈھال دیا۔ شہریوں، دکانداروں اور بچوں نے خوشی و مسرت کے ساتھ ایک دوسرے کو مٹھائیاں تقسیم کیں اور خیرسگالی کے پیغام دیے۔اس موقع پر سیکورٹی انتظامات بھی سخت رکھے گئے تھے۔ پولیس اور سول انتظامیہ کی ٹیمیں شہر کے مختلف مقامات پر متحرک رہیں تاکہ تہوار پرامن ماحول میں مکمل طور پر منایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ اور ایس ایس پی پونچھ نے عوام کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار روشنی، خیر، امن اور محبت کا پیغام دیتا ہے، اور یہی جذبہ پونچھ کی گنگا-جمُنی تہذیب کی اصل روح ہے۔مقامی ایم ایل اے حویلی معززین اور مذہبی رہنماؤں نے بھی عوام سے اپیل کی کہ دیوالی کا پیغام صرف خوشی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے بھائی چارے، ہم آہنگی اور انسانیت کے احترام کے طور پر منایا جائے۔تقریب کے اختتام پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے نے فضا کو منور کر دیا۔ پونچھ کی دیوالی ایک بار پھر اتحاد، امن اور ثقافتی ہم آہنگی کی روشن مثال ثابت ہوئی، جس نے یہ پیغام دیا کہ پونچھ کی سرزمین ہمیشہ محبت اور رواداری کی علامت رہی ہے۔
بلنوئی میں فوج نے دیوالی کا تہوار مقامی عوام کیساتھ مل کر منایا
جاوید اقبال
مینڈھر // مینڈھر کے سرحدی علاقے بلنوئی میں فوج نے دیوالی کا تہوار مقامی عوام کے ساتھ مل کر منایا۔ اس موقع پر علاقے میں خوشیوں کا خاص ماحول دیکھنے کو ملا جہاں فوجی جوانوں نے دیئے روشن کیے، مٹھائیاں تقسیم کیں اور مقامی لوگوں کے ساتھ تہوار کی خوشیاں بانٹیں۔فوج کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں بڑی تعداد میں مقامی لوگ، بزرگ، خواتین اور بچے شریک ہوئے۔ اس دوران فوجی افسران نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے عوام ہمیشہ ملک کے دفاع میں فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں، اور ایسے مواقع پر عوام اور فوج کے درمیان باہمی بھائی چارے اور اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہمارا مقصد ہے۔تقریب کے دوران فوج نے مقامی اسکول کے بچوں میں سپورٹس کٹس، اسٹیشنری اور کھیلوں کا سامان تقسیم کیا تاکہ نوجوانوں کو کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی غریب اور مستحق خاندانوں میں راشن و امدادی کٹس بھی بانٹی گئیں تاکہ وہ بھی دیوالی کے موقع پر خوشیوں میں شریک ہو سکیں۔مقامی لوگوں نے فوج کی اس پہل کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوج نہ صرف سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے بلکہ انسانیت کی خدمت میں بھی پیش پیش ہے۔ لوگوں نے اس جذبۂ ہمدردی پر فوجی افسران کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے پروگرام علاقے میں امن، ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مزید فروغ دیں گے۔یہ تقریب اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ فوج اور عوام کا رشتہ صرف تحفظ تک محدود نہیں بلکہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونے کا بھی ہے، جس سے ملک کی یکجہتی اور سرحدی علاقوں میں اعتماد کی فضا مزید مضبوط ہو رہی ہے۔