عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وادیٔ کشمیر کے معروف روحانی و مذہبی مرکز چرارِ شریف میں بلند پایہ ولی کامل حضرت شیخ العالم شیخ نور الدین نورانی(رح)المعروف نند ریشی کے سالانہ عرس کی تقریبات نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئیں۔ اس موقع پر آستانہ عالیہ چرارِ شریف میں ہزاروں کی تعداد میں زائرین نے شرکت کی، جنہوں نے شب بھر عبادات، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور درود و سلام میں وقت گزارا۔ہزاروں عقیدت مندوں نے وادی کے مختلف حصوں سے قافلوں کی صورت میں چرارِ شریف کا رخ کیا۔ پیر کے روز نمازِ ظہرین کے موقع پر آستانہ عالیہ کے صحن میں زائرین کا بے پناہ ہجوم امڈ آیا، جہاں لوگوں نے باجماعت نماز ادا کی ۔
ذرائع کے مطابق، اس سال عرس کی تقریبات میں پچھلے برسوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ زائرین نے شرکت کی، جبکہ رات بھر جاری رہنے والی شب بیداری میں علماء کرام اور مشائخ عظام نے حضرت نند ریشی کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ مختلف خطبوں اور بیانات میں مقررین نے کہا کہ حضرت شیخ نور الدین نورانی(رح) نے وادی کشمیر میں امن، محبت، انسان دوستی اور رواداری کا پیغام عام کیا۔ ان کی تعلیمات آج بھی سماجی ہم آہنگی، باہمی احترام اور روحانی بیداری کا سرچشمہ ہیں۔حضرت نند ریشی، جنہیں نور الدین ولی (رح) اور شیخ العالم کے القابات سے بھی یاد کیا جاتا ہے، نے اپنی زندگی زہد و تقویٰ، خدمتِ خلق اور وحدتِ انسانیت کے فروغ میں بسر کی۔
عرس کے موقع پر جموں و کشمیر وقف بورڈ، ضلعی انتظامیہ بڈگام اور مقامی پولیس نے زائرین کی سہولیات کے لئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ وقف بورڈ کی جانب سے روشنی، پینے کے پانی، بیت الخلاء، طبی امداد اور زائرین کے قیام کے لئے عارضی خیمے نصب کئے تھے۔ ضلعی پولیس اور ٹریفک محکمے نے عقیدت مندوں کی نقل و حرکت کو منظم بنانے کے لئے خصوصی پلان مرتب کیا، جس کے تحت داخلی و خارجی راستوں پر اضافی فورس تعینات کی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق، انتظامیہ نے اس سال زائرین کے لئے جدید سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ صفائی و ستھرائی کے خصوصی اقدامات بھی کئے تھے، جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے آستانہ کے قریب ایک عارضی میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا تھا۔عرس کے اختتام پر علمائے کرام کی موجودگی میں خصوصی دعا مانگی گئی جس میں جموں و کشمیر اور پوری امت مسلمہ کی سلامتی، امن و خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں۔
چرار شریف میں حضرت شیخ نور الدین نورانی(رح) کے سالانہ عرس کی روح پرور تقریبات، ہزاروں زائرین کی شرکت
