عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور پارٹی کے امیدوار برائے بڈگام اسمبلی حلقہ آغا سید محمود کا کہنا ہے کہ رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ نیشنل کانفرنس کے رکن ہیں، اور ان کے پاس انتخابی مہم سے دور رہنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
انہوں نے پیر کو یہاں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کی۔
ان کا کہنا تھا: ‘آغا روح اللہ صاحب نیشنل کانفرنس کے رکن ہیں وہ انتخابی مہم کیوں نہیں چلائیں گے، وہ میرے عزیز ہیں میں نے ان کے ساتھ بات کی ہے’۔
موصوف لیڈر نے کہا: ‘نیشنل کانفرنس نے آغا روح اللہ کا سیاسی کریئر بنانے میں بڑا رول ادا کیا ہے، اس کو ہمیں نہیں بھولنا چاہئے، مجھے امید ہے کہ وہ آگے آئیں گے’۔
انہوں نے کہا: ‘میری ان کے ساتھ بات ہوتی رہتی ہے، سیاست کو چھوڑ کے وہ میری اولاد جیسے ہیں’۔
آغا محمود نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا: ان کے مہم چلانے سے دور رہنے کی کوئی وجہ نہیں ہے وہ پارٹی کے رکن ہیں اور پارٹی نے انہیں 2002 سے 2018 رکن اسمبلی بنایا ہے اور پھر رکن پارلیمان بنایا’۔
انہوں نے کہا کہ آغا روح اللہ کے عوامی بیانات پارٹی مسائل کی عکاسی کرتے ہیں، وہ ان کی ذاتی رائے نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘وہ جو بات کرتے ہیں وہ ان کے ذاتی معاملات نہیں ہیں بلکہ پارٹی کے مسائل ہیں۔ چاہے وہ آرٹیکل 370 ہو، آرٹیکل 35A ہو یا ریزرویشن، یہ نیشنل کانفرنس کے مسائل ہیں’۔
ان کو منڈیٹ دینے پر پارٹی میں اختلافات کو رد کرتے ہوئے انہوں نے کہ پارٹی میں کسی بھی رکن کو منڈیٹ مانگنے کا حق حاصل ہے تاہم حتمی فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کرتی ہے جس کو سب تسلیم کرتے ہیں۔
آغا روح اللہ نیشنل کانفرنس کے رکن ہیں، انتخابی مہم چلائیں گے: آغا سید محمود
