عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر میں حکمران اتحادی جماعتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی دراڑوں کے بیچ، کانگریس نے نیشنل کانفرنس کی جانب سے نگروٹہ اسمبلی سیٹ پر انتخاب لڑنے کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ اس نے بی جے پی کو شکست دینے کے بڑے مقصد کے تحت یہ سیٹ اپنے اتحادی نیشنل کانفرنس کے لیے چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دیر رات جاری کیے گئے ایک بیان میں پارٹی نے کہا کہ “جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کی رپورٹ پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اور مختلف عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے جن میں 2024 کے اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کا اسی حلقے میں دوسرے نمبر پر آنا بھی شامل ہے ـ انڈین نیشنل کانگریس کی مرکزی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ نگروٹہ سیٹ اپنے اتحادی نیشنل کانفرنس کے لیے چھوڑ دی جائے، تاکہ بی جے پی کو شکست دینے کے وسیع تر مقصد کو آگے بڑھایا جا سکے۔
یہ بات جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے چیف ترجمان رویندر شرما نے بتائی۔
نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے تعلقات میں اُس وقت دراڑ پڑی جب نیشنل کانفرنس نے آنے والے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے کانگریس کو محفوظ سیٹ دینے سے انکار کر دیا۔ راجیہ سبھا انتخابات 24 اکتوبر کو ہونے والے ہیں۔ نیشنل کانفرنس نے کانگریس کو چوتھی، نسبتاً کمزور سیٹ کی پیشکش کی تھی، جس پر کانگریس نے انتخاب لڑنے سے انکار کر دیا۔
ذرائع کے مطابق، کانگریس کی قیادت خواہ وہ جموں و کشمیر میں ہو یا نئی دہلی میں نیشنل کانفرنس کی اس ’وعدہ خلافی‘ پر ناراض ہے کہ اس نے پارٹی کو راجیہ سبھا انتخابات میں ’محفوظ‘ سیٹ دینے کا اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔
کانگریس نے نیشنل کانفرنس کی نگروٹہ سیٹ کی پیشکش مسترد کردی
