— رقومات میں خردبرد کا الزام،عوام کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ
محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کےسر گورسائی پنچایت کے مقامی شہریوں نے پنچایت گھر کی زیر تعمیر عمارت کے کام کو فوری طور پر مکمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے سخت کارروائی کی اپیل کی ہے۔ لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس عمارت کی تعمیر کے لیے سرکاری خزانے سے جو رقومات جاری کی گئیں، ان میں سنگین بے ضابطگیاں اور خردبرد سامنے آئی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عمارت کی تعمیر کئی سال قبل شروع ہوئی تھی، تاہم آج تک نامکمل ہے۔ ان کے مطابق جتنا کام ہوا ہے، وہ بھی غیر معیاری اور ناقص مٹیریل سے تیار کیا گیا ہے، جو کسی بھی وقت نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ فنڈز کے اجرا کے باوجود ترقیاتی ایجنسیوں اور متعلقہ محکمہ نے نہ صرف لاپرواہی برتی بلکہ جوابدہی سے بھی گریز کیا جا رہا ہے۔علاقہ کے مکینوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جن خاندانوں نے اپنی ذاتی زمین پنچایت گھر کی تعمیر کے لیے وقف کی تھی، انہیں اُس وقت یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان کے گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری فراہم کی جائے گی، مگر کئی سال گزر جانے کے باوجود یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔شہریوں نے مانگ کی ہے کہ اعلیٰ حکام فوری طور پر ایک غیر جانبدارانہ انکوائری ٹیم تشکیل دیں، تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ سرکاری خزانے سے نکالی گئی رقومات آخر کہاں خرچ ہوئیں اس کا پتہ لگائیں۔ عوام نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور پنچایت گھر کی عمارت کو جلد از جلد مکمل کرایا جائے، تاکہ عوامی سہولیات کا یہ اہم مرکز فعال ہو سکے۔