عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// معروف روحانی مرکز چرار شریف میں حضرت شیخ العالم، شیخ نورالدین نورانی(رح) کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں اتوار کی شب عظیم الشان شبِ بیداری کا اہتمام گیا ۔ درگاہ شریف اور گرد و نواح کے علاقوں میں اس وقت روحانی و عقیدتی ماحول قائم ہے ، جہاں ہزاروں عقیدت مند جمع ہو رہے ہیں تاکہ روح پرور محفل میں شرکت کررہے ہیں۔وقف بورڈ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ، اس سال کی شبِ بیداری کے لیے انتظامات گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہیں۔ چرارِ شریف کی گلیوں اور بازاروں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے آراستہ کیا گیا ہے ، جبکہ عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے اوقاف کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ زائرین کے قیام و طعام، روشنی، پانی، اور ٹریفک کنٹرول کے لیے درجنوں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔انتظامیہ نے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے ہیں۔ بڈگام پولیس کے مطابق، پورے علاقے میں حفاظتی گشت بڑھا دیا گیا ہے تاکہ عقیدت مند شبِ بیداری کے موقع پر پرامن ماحول میں عبادت و ذکر میں مصروف رہ سکیں۔شب بیداری کے دوران علما، مشائخین اور نعت خواں حضرات حضرت شیخ العالم(رح) کی تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے ۔ شیخ نورالدین نورانی نے اپنے پیغامِ امن، محبت، انسان دوستی اور رواداری سے وادی کی روحانی بنیاد مضبوط کی۔