عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ فرنٹ (جے ڈی ایف) نے پیپلز الائنس فار چینج (پی اے سی) سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے۔اطلاعات کے مطابق جے ڈی ایف کے جنرل سیکریٹری سیار احمد ریشی نے پی اے سی کے طریقہ کار میں اختلافات کو اس علیحدگی کی بنیادی وجہ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ الائنس کے فریم ورک کے اندر، جے ڈی ایف نے ہمیشہ جمہوری حق کے تحت مختلف آراء کا اظہار کیا ہے۔ غور و فکر کے بعد، ہمیں یقین ہے کہ ایک آزادانہ راستہ اختیار کرنا ہمارے وژن، اقدار اور اصولوں کے لیے زیادہ موزوں ہوگا۔
جے ڈی ایف نے اپنے سابق اتحادیوں، خیرخواہوں اور جموں و کشمیر کے عوام کا اعتماد اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارٹی مستقبل میں جمہوری اقدار، شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کے عزم پر آزادانہ طور پر کاربند رہے گی۔ذرائع نے بتایا کہ جے ڈی ایف نے اپنے اتحادیوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ بڈگام ضمنی انتخابات میں اپنا امیدوار کھڑا کرے گی لیکن بعد میں ’’اپنے وعدے سے مکر گئی‘‘ جس سے اتحاد میں شامل دیگر جماعتیں ناخوش ہوئیں۔