عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کے مرکزی علاقے کو قومی شاہراہ اور دیگر حصوں سے جوڑنے والی مین بس اسٹینڈ سڑک انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے، جس کے باعث عوام اور مسافروں میں سخت تشویش پائی جا رہی ہے۔سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ گئے ہیں جبکہ متعدد مقامات پر تارکول مکمل طور پر اکھڑ چکا ہے، جس سے گاڑیوں کی آمدورفت نہایت مشکل ہو گئی ہے۔ مقامی ڈرائیوروں اور راہگیروں کا کہنا ہے کہ روزانہ اس راستے سے گزرنا ایک عذاب بن چکا ہے، کیونکہ ناہموار سطح کے باعث چھوٹے بڑے حادثات کا خطرہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔سڑک کی یہ خستہ حالت نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بن رہی ہے بلکہ اسے حادثات کا گڑھ بھی بنا چکی ہے۔ عوامی غم و غصے کے درمیان، بی جے پی کے کارکنان نے راکیش شرما کی قیادت میں ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، جس میں انہوں نے سڑک کی بدتر حالت کے خلاف شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری مرمت اور بلیک ٹاپنگ کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے کہا کہ اس اہم سڑک کی نظرانداز کی جانے والی حالت عوام کے لئے خطرہ بن چکی ہے اور اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو کسی بڑے حادثے کا امکان ہے۔ انہوں نے انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) پر زور دیا کہ سڑک کی مرمت کا کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔بی جے پی لیڈر راکیش شرما نے اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی سربراہی والی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور سڑکوں کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجوری کی یہ اہم شاہراہ جو شہر کو دیگر علاقوں سے جوڑتی ہے، انتہائی ابتر حالت میں ہے اور حکومت کی بیحسی کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری مرمت، نالیوں کی صفائی اور سڑک کے کناروں کی مضبوطی کیلئے اقدامات کئے جائیں تاکہ روزانہ پیش آنے والی دشواریوں سے نجات حاصل ہو اور عوام کو محفوظ اور آرام دہ سفر میسر آ سکے۔